سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی آگاہی اور عملی تربیت سے متعلق سرگرمیاں جاری ہیں۔
آج ضلع جہلم کے 10 مختلف سکولوں میں مجموعی طور پر 563 طلبہ اور 121 اساتذہ کو ابتدائی طبی امداد، ایمرجنسی انخلاء اور بنیادی سیفٹی سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔
ان تربیتی سیشنز میں شرکاء کو زلزلے کی صورت میں Drop–Cover–Hold تکنیک، ہنگامی انخلاء کے منظم مراحل، ابتدائی طبی امداد کی بنیادی مہارتیں اور چھوٹے پیمانے پر لگی آگ کے مؤثر کنٹرول کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ ریسکیو ماہرین نے طلبہ، اساتذہ اور عملے کو فائر فائیٹنگ کی عملی مشقیں بھی کروائیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد سعید نے تربیتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام ٹریننگ سیشنز کو زوم کے ذریعے براہِ راست مانیٹر کیا اور متعلقہ ٹیموں کو ضروری رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کا مقصد طلبہ میں ایمرجنسی حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
مزید برآں، ضلعی انتظامیہ جہلم اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ میزبانی میں ضلعی سطح پر “ایمرجنسی موک ایکسرسائز” بھی منعقد کی گئی جس میں سول ڈیفنس، پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس نے شرکت کی۔
مشق کے دوران آگ پر قابو پانے، زخمیوں کی منتقلی اور مشترکہ آپریشنل رسپانس کے مراحل کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
تمام اداروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کیا، جو ضلعی سطح پر ادارہ جاتی ہم آہنگی کی مضبوطی کی علامت ہے





